اصل میں موٹاپا کیوں ہے اور کن کن وجوہات کی بنا پر ہمارے جسم میں چربی بڑھتی ہے آج ہم اسی موضوع پر بات کریں گے۔ موٹاپا دراصل ہمارے جسم میں چربی کی زیادتی ہے جو کہ اپنے اندر بہت سی بیماریوں کی جڑ لیے بیٹھا ہوتا ہے۔ موٹاپے کے شکار لوگ اکثر شوگر، بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کی شکایت کرتے ہیں۔ آج ہم جس بارے میں بات کریں گے وہ ہے کہ کیسے ہم اپنے جسم سے موٹاپے کو دور کر سکتے ہیں اور کونسی غذا ہمارے لیے فائدہ مند ہے۔
وزن کا کم ہونا ہی صرف انسان کی شخصیت کو ابھارتا ہے بلکہ بہت سی موزی بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے جیسے کہ شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی اور دیگر دل کے امراض۔ ایک اور جو بڑا مسئلہ ہے وہ یہ ہے کہ لوگوں کو پتا نہیں ہے کہ کونسی بیماری میں کہاں جانا ہے۔ ہمارا یہ خیال ہے کہ ہم اپنے ذریعے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں کیونکہ آج کل موٹاپا ایک مہلک بیماری بنتی جارہی ہے۔
موٹاپے کے بارے میں سب جانتے ہیں لوگوں کو یہ بات پتا ہے کہ موٹاپا کیوں ہوتا ہے ہم کون کون سی غلطیاں کر کے اپنے جسم میں موٹاپا پیدا کرتے ہیں۔ لیکن ہم اپنے آپ کو بدلتے نہیں ہیں اپنا خیال نہیں رکھتے روزمرہ طرزِ زندگی کو بدلتے نہیں ہیں جس کی وجہ سے پہلے موٹاپا بعد میں شوگر اور دیگر دل کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔
موٹاپا ہمارے جسم میں آہستہ آہستہ چڑھتا ہے اور اُترتا بھی آہستہ آہستہ ہی ہے اس لیے آپ کو تھوڑا تحمل اختیار کرنا ہوگا۔ سب سے پہلے اگر ہم بات کریں تو ہم اپنے روزمرہ کی طرز زندگی کے بارے میں بات کریں گے کہ کیسے ہم اپنی روٹین کو بہتر بنائیں۔ اگر آپ صبح 8بجے اٹھ گئے ہیں اور 8:30 تک ناشتہ کرلیں پھر 11 بجے کچھ ہلکا پھلکا لے لیں۔ 1 بجے آپ دوپہر کا کھانا کھائیں اور 4بجے پھر کچھ ہلکا پھلکا لے لیں اسی طرح 8 بجے رات کا کھانا کھائیں اور کوشش کریں رات کہ سونے سے پہلے گرین ٹی یا قہوہ لے لیں۔
چاول کھانا بالکل نہ چھوڑیں بلکہ کوشش کریں کہ دن میں کھا لیں اور رات کو کھانے سے پرہیز کریں۔ ہفتے میں 2-3 بار چاول کا استعمال کرلیں تھوڑی مقدار میں۔ ایک مشہور کہاوت ہے کہ صبح کا ناشتہ بادشاہ کی طرح کریں، دوپہر کا کھانا وزیر کی طرح کھائیں اور رات کا کھانا فقیر کی طرح کھائیں۔ ہمارے موٹاپے کی سب سے اہم وجہ ہمارا رات کا کھانا ہے کیونکہ کہ ہم دن بھر اپنے کاموں پر ہوتے ہیں اور رات کا ٹائم ہی ملتا ہے ہمیں سکون سے کھانے کا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم رات کے کھانے میں روٹی کی مقدار کافی کم کردیں۔
بہت سے لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ ہمیں بھوک بہت لگتی ہے اس کے لیے بہترین حل ہے کہ تھوڑی سی سونف لیں پودینہ لیں اس کو پانی میں ڈال کے ابال لیں اور یہ پانی پیئں اس سے بھوک کم لگے گی۔ یا آپ ایک چمچ سیب کا سرکا لے سکتے ہیں کھانے سے پہلے۔ جو لوگ شوگر کا شکار ہیں وہ دارچینی کے قہوے کا استعمال کریں اس سے بھی انکو کافی فائدہ ہوگا۔ شوگر کے مریض لوگ دن میں 2 بار دار چینی کا قہوہ لے سکتے ہیں۔ ایک رات کے کھانے سے پہلے اور ایک رات کو سونے سے پہلے۔
اپنی غذا کا صحیح خیال رکھنے سے جہاں آپ بہت سی موزی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں وہیں آپ خود کو تروتازہ بھی بنا سکتے ہیں۔ صحیح غذا اور پھلوں کا استعمال آپ کو تروتازہ رکھتا ہے۔ جسم میں موجود خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے اور آپ کی جلد کو شادوآباد رکھتا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ ہے کہ ہماری روزانہ کی ورزش جوکہ اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ اچھی خوراک۔ دن میں کم از کم 15 منٹ نکال کر روزانہ باقائدگی سے سیر کریں اس سے نہ صرف آپکا کولیسٹرول لیول بیلنس ہوگا بلکہ آپ فٹ بھی رہیں گے۔